ممبئی،22مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) لوک سبھا انتخابات کے پہلے این سی پی کو جمعہ کو اس وقت جھٹکا لگا جب اس کی ریاستی یونٹ کے نائب صدر بھارتی پوار بی جے پی میں شامل ہو گئیں۔اس کے ساتھ ہی کانگریس لیڈر پروین چھیڑا بھی حکمراں پارٹی میں واپس لوٹ آئے۔دونوں لیڈر پردیش کے وزیر اعلی دیویندر فڑنویس اور دیگر پارٹی عہدیداروں کی موجودگی میں پارٹی میں شامل ہوئے۔پوار 2014 کے لوک سبھا انتخابات میں ڈڈڈوری سیٹ پر بی جے پی کے ہریش چندر چوہان سے ہار گئی تھیں۔چھیڑا ممبئی میٹروپولیٹن بلدیہ (بی ایم سی) میں تین بار کونسلر رہ چکے ہیں اور سات سال پہلے وہ بی جے پی چھوڑ کر کانگریس میں شامل ہو گئے تھے۔کہا جاتا ہے کہ مقامی ممبر اسمبلی پرکاش مہتا کے ساتھ نااتفاقی کی وجہ سے انہوں نے بی جے پی چھوڑا تھا۔مہتا اب ریاستی حکومت میں وزیر ہیں۔اس موقع پر فڑنویس نے کہا کہ راجیہ سبھا رکن سنجے کاکڑے پارٹی میں بنے رہیں گے۔ان کا تبصرہ ان خبروں کے تناظر میں ہے جن میں کہا گیا تھا کہ کاکڑے پارٹی سے ناراض ہیں اور وہ کانگریس میں شامل ہو سکتے ہیں۔